امداد میں حائل سکیورٹی، سیاسی رکاوٹیں دور کی جائیں: اقوام متحدہ
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گویتریس نے معاہدے پر کہا کہ ’یہ ضروری ہے کہ یہ فائر بندی غزہ میں امداد پہنچانے میں حائل سکیورٹی اور سیاسی رکاوٹوں کو دور کرے، تاکہ ہم فوری اور جان بچانے والی انسانی امداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ کر سکیں۔‘
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا کہ یہ معاہدہ ’ناقابل برداشت درد اور تکلیف کے بعد ایک بڑی راحت کی نوید ہے ... اور یہ ضروری ہے کہ اب یہ معاہدہ برقرار رہے‘۔
اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ایجنسی کے سربراہ فلپ لازارینی نے ’لڑائی کے باعث پیدا ہونے والے سنگین مصائب کا جواب دینے کے لیے تیز، بلا روک ٹوک اور مسلسل انسانی امداد اور رسد‘ کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔