بھارت کا شمار کرکٹ کے جنون میں مبتلا ملک کے طور پر ہوتا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ اس سلسلے میں"OpenAI" کمپنی کا ChatGPT بھی اس حقیقت سے غافل نہیں ہے۔
جب کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے چیٹ جی پی ٹی روبوٹ کو یہ پرومپٹ دی Sam Altman as a cricket player in anime style تو اس نے فورا ہلکے نیلے رنگ کی بھارتی جرسی میں سام کی ایواٹار تصویر بنا ڈالی۔
سام نے اپنے اس ایواٹار کو جمعرات کے روز "ایکس" پلیٹ فارم پر پوسٹ کر دیا۔ اس کو دیکھ کر بھارت میں سوشل میڈیا کے صارفین میں وسیع پیمانے پر غصے اور ناراضی کی لہر دوڑ گئی۔
یہ بات برطانوی نشریاتی ادارے BBC کی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔
بعض بھارتی صارفین نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سام ان کے ملک کی ٹیم کے رنگ میں ملبوس ہے تاہم بہت سے صارفین نے تصویر میں اس رنگ کے استعمال کے پیچھے ممکنہ مقاصد کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع کر دیں۔
ایک صارف کا کہنا ہے کہ "سام بھارتی گاہکوں کو متوجہ کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے"۔
ایک دوسرے صارف کا کہنا تھا "گذشتہ چند روز سے آپ بھارت اور بھارتی صارفین کی بڑی پذیرائی کر رہے ہیں۔ بھارت کے لیے اچانک سے یہ محبت کیسے جاگ اٹھی ؟ لگتا ہے کہ پردے کے پیچھے کوئی پراسرار حکمت عملی چھپی ہوئی ہے"۔
چند روز قبل سام آلٹمین نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی Studio Ghibli-style تصاویر کو ری ٹویٹ کیا تھا۔ یہ تصاویر بھارت میں وفاقی حکومت کے زیر انتظام ایک پلیٹ فارم نے جاری کی تھیں۔
سال 2023 میں اپنے دورے میں آلٹمین نے کچھ اس طرح کا اظہار کیا تھا کہ وہ مصنوعی ذہانت کے ٹُولز بنانے والی چھوٹی بھارتی کمپنیوں کو نظر انداز کرتے ہیں جو "OpenAI" کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
تاہم جب آلٹمین نے رواں سال دوبارہ بھارت کا دورہ کیا، تو ان کا انداز بدل چکا تھا۔
فروری میں وفاقی وزیر اشونی ویشنو کے ساتھ ایک ملاقات میں، آلٹمین نے کم قیمت والے اے آئی ماڈلز بنانے کے لیے بھارت کے ساتھ تعاون کرنے کی خواہش ظاہر کی۔