سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں اعلیٰ ترین سفارت کاروں نے یہ ملاقات واشنگٹن میں بدھ کے روز کی ہے۔
خیال رہے امریکی صدر کے اگلے ماہ متوقع دورہ سعودی عرب کے پس منظر میں یہ ملاقات اہم ہے۔ صدر ٹرمپ نے پچھلے ہفتے کہا تھا ان کا سعودی عرب کا اپنے دوسرے دور اقتدار کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ ممکن ہے اس موقع پر وہ دوسرے خلیجی ملکوں کا دورہ بھی کریں۔
ٹرمپ نے کہا میرے مشرق وسطیٰ کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ تعلقات عظیم اور حیران کن ہیں۔
امریکی دفتر خارجہ کےترجمان ٹیمی بروس کے مطابق روبیو نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا کہ وہ روس و یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کی مدد کر رہا ہے اور اسی طرح امریکہ کے ساتھ اس کے گہرے معاشی اور دفاعی تعلقات ہیں۔
امریکہ اور سعودی عرب کے ان دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال اور غزہ جنگ بندی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ بروس کے مطابق روبیو اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے پائیدار جنگ بندی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں دونوں نے سوڈان میں قیام امن پر زور دیا اور کہا کہ سوڈانی فوج اور پیراملٹری فورس 'آر ایس ایف' کے درمیان جلد جنگ بندی ہونی چاہیے تاکہ شہری زندگی کا تحفظ ہو سکے اور امدادی سامان کی ترسیل ہو سکے۔