برازیل کی پولیس نے اتوار کے روز بتایا کہ انہوں نے گلوکارہ لیڈی گاگا کے ایک بڑے کنسرٹ پر بم حملے کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس کنسرٹ میں گزشتہ روز ریو ڈی جنیرو کی ریاست کے کوپاکابانا ساحل پر 20 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔
ریو ڈی جنیرو کی سول پولیس، جس نے وزارت انصاف کے ساتھ مل کر کام کیا، نے بتایا کہ اس سازش کی منصوبہ بندی ایک ایسے گروہ نے کی تھی جو نفرت انگیز تقریر کو فروغ دیتا ہے اور نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف دھکیلتا ہے۔ اس گروپ کے طریقوں میں خود کو نقصان پہنچانا اور پرتشدد مواد کو سماجی وابستگی کی ایک شکل کے طور پر استعمال کرنا بھی شامل ہے۔
پولیس نے یہ بھی کہا کہ مشتبہ افراد نابالغ افراد سمیت شرکاء کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور آتش گیر بموں کا استعمال کرتے ہوئے مربوط حملے کرنے کے لیے بھرتی کر رہے تھے۔ وزارت انصاف نے واضح کیا کہ بھرتی کرنے والوں نے خود کو لیڈی گاگا کے عالمی مداحوں کے گروپ "لٹل مونسٹرز" کے ارکان کے طور پر متعارف کرایا تھا۔
یہ کارروائی وزارت کے انٹرنیٹ آپریشنز لیبارٹری کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کی بنا پر و ریو ڈی جنیرو کی ریاستی پولیس کی انٹیلی جنس کی جانب سے ایک اطلاع موصول ہونے کے بعد کی گئی۔ اس میں ایسے سائبر سیلز کا انکشاف ہوا جو خفیہ زبان اور انتہا پسندانہ علامتوں کا استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں میں پرتشدد رویے کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔
اس گروہ کے مبینہ رہنما کو جنوبی ریاست ریو گرانڈے ڈو سول میں بغیر قانونی جواز کے اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ریو ڈی جنیرو میں ایک نوجوان کو بچوں کی فحش نگاری ذخیرہ کرنے کے الزام میں بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ریو ڈی جنیرو کی میونسپلٹی کے مطابق امریکی پاپ سٹار لیڈی گاگا کے کنسرٹ میں 2.1 ملین افراد نے شرکت کی تھی۔