ایران : بوشہر صوبے میں بندرگاہ پر آگ بھڑک گئی ، 3 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

ایران کے جنوبی صوبے بوشہر میں واقع بندرگاہ دیر پر ایک میتھانول لے جانے والی کشتی میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔

اس حوالے سے شدید آگ اور دھوئیں کی سامنے آنی والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساحلی شہر دیر میں واقع کاوہ پیٹروکیمیکل کارخانے سے بلند شعلے بھڑک رہے ہیں۔ یہ شہر تہران سے تقریباً 1200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے تصدیق کی ہے کہ آج بدھ کے روز ملک کے ایک پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔

ہلال احمر کے ترجمان نے خبر رساں ادارہ تسنیم کو بتایا "ہمیں کاوہ میتھانول کمپنی کے پلیٹ فارم پر لنگر انداز ایک کشتی میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس کے بعد فوری طور پر ایک ایمبولینس اور دو گاڑیاں امدادی سازوسامان سمیت جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔"

دوسری جانب، بوشہر صوبے کے شہر دیر کے گورنر نے بتایا کہ دھماکہ کشتی پر ویلڈنگ کے کام کے دوران پیش آیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو، فائر بریگیڈ اور طبی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں تا حال جاری ہیں۔

بندرگاہ رجائی میں دھماکہ

یاد رہے کہ اپریل کے آخر میں بندرعباس کی رجائی بندرگاہ میں ایک زبردست دھماکہ ہوا تھا جس میں 70 افراد جاں بحق اور 1200 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ بندرگاہ کی تنصیبات اور گوداموں میں بھی وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی تھی، جس کا گہرا اثر ایران کے اندرونی سپلائی چین اور بیرونی برآمدات پر پڑا۔

ایران کی تنظیم برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہ محمد حسن صدر کے مطابق تاجروں کو اس واقعے کے نتیجے میں تقریباً 3 سے 4 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، جس کی وجہ انھوں نے مال اور کسٹم کلیئرنس کے نظام میں موجود کوتاہیوں کو قرار دیا۔

واضح رہے کہ یہ بندرگاہ ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں واقع ہے اور آبنائے ہرمز پر ایرانی بحری تجارت کی ایک کلیدی گزرگاہ شمار ہوتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں