امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ منگل کے روز ایک ایسے شخص کی حوالگی عمل میں لائی گئی ہے جس نے فائرنگ کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اس شخص کو کینیڈا حکام نے امریکی حکام کے حوالے کیا ہے۔
اس پاکستانی شہری پر نیویارک میں یہودیوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس تعلق داعش سے تھا۔
20 سالہ محمد شاہ زیب خان کو ستمبر 2024 میں کینیڈا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے سات اکتوبر 2023 کے حماس کے اسرائیل پر حملہ کا ایک سال مکمل ہونے پر فائرنگ کا منصوبہ بنایا تھا۔ فائرنگ کا یہ منصوبہ یہودی مرکز کو نشانہ بنانے کے لیے تھا۔
امریکی اٹارنی جنرل جے کلیٹن نے کہا ہے کہ اس شخص نے ہماری یہودی برادری کے افراد کو ہلاک کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
خیال رہے کینیڈا کے حکام نے شاہ زیب کو کینیڈا کی سرحد سے تقریباً 19 کلومیٹر کے فاصلے سے حراست میں لیا تھا۔ وہ اس وقت اورمسٹاؤن کی میونسپلٹی میں موجود تھا۔
شاہ زیب پر غیر ملکی تنظیم کو وسائل اور امداد فراہم کرنے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ خیال رہے اگر جرم ثابت ہوتا ہے تو اسے عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔