اسرائیل نے یمن کے مغربی شہر الحدیدہ کی بندرگاہ پر فضائی حملے کیے، جس کے جواب میں حوثیوں نے اسرائیل کی جانب میزائل داغا جسے فضا ہی میں تباہ کردیا گیا۔
العربیہ/الحدث کے مطابق اسرائیلی فوج نے حوثیوں کا داغا گیا میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیا، تاہم یروشلم میں سائرن بجنے لگے۔
اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس نے الحدیدہ بندرگاہ کے تین گھاٹوں کو نشانہ بنایا جہاں مبینہ طور پر حوثی ملیشیا کی فوجی سرگرمیاں جاری تھیں۔ فوجی بیان میں کہا گیا کہ بندرگاہ کو ایران سے آنے والے اسلحے کی ترسیل اور اسرائیل اور اس کے اتحادیوں پر حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
فوج نے مزید کہا کہ یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے بار بار کیے جانے والے حملوں کے جواب میں کی گئی ہے، جن میں ڈرون اور بیلسٹک میزائل اسرائیلی علاقوں پر داغے گئے تھے۔ بیان میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ حوثی ایران کی براہِ راست سرپرستی اور مالی معاونت سے خطے میں بحری جہازوں پر بھی حملے کرتے ہیں۔
"حوثیوں کو سخت قیمت چکانا ہوگی"
اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا کہ فضائیہ کی کارروائی کا مقصد حوثیوں پر دباؤ بڑھانا اور سمندری و فضائی ناکہ بندی کو یقینی بنانا ہے۔ ان کے بقول حوثی مزید حملوں کی کوشش کریں گے تو انہیں "بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا"۔
حوثی قیادت نے اسرائیلی بمباری کے بعد اپنے کنٹرول والے علاقوں میں شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ نشانہ بننے والی جگہوں کی ویڈیوز یا تصاویر عام نہ کریں۔
منگل کو اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان آویخائی ادرعی نے سوشل میڈیا پر تنبیہ کی تھی کہ اگلے چند گھنٹوں میں الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا جائے گا، اس لیے وہاں موجود ہر شخص اور جہاز فوری طور پر علاقہ خالی کرے ورنہ وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈالے گا۔
گذشتہ ہفتے کی کارروائیاں
اسرائیل نے پچھلے ہفتے بھی یمن کے دارالحکومت صنعاء اور شمالی صوبے الجوف میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا تھا، جن میں عسکری دفاتر، حکومتی عمارتیں اور مرکزی بینک شامل تھے۔ ان حملوں میں تقریباً 48 افراد ہلاک ہوئے۔
اس سے قبل 28 اگست کو اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں حوثی حکومت کے سربراہ احمد غالب الرہوی سمیت 11 اعلیٰ عہدیدار مارے گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان سات اکتوبر 2023 ءسے جاری جنگ کے بعد سے حوثی مسلسل اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملے کرتے آ رہے ہیں، جنہیں اکثر اسرائیلی دفاعی نظام ناکام بنا دیتا ہے۔ جواباً اسرائیل نے یمن بھر میں حوثیوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر مہلک حملے کیے ہیں، جن میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے۔
حوثیوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے حملے اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک غزہ کی ناکہ بندی اور جنگ ختم نہیں ہو جاتی۔