پوتین اور الشرع کے درمیان شام میں روسی فوجی اڈوں پر بات ہوئی : لاؤروف
وزير خارجہ کے مطابق دونوں صدور کی ملاقات میں ہر چیز زیر بحث آئی
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاؤروف کے مطابق صدر ولادی میر پوتین نے اپنے شامی ہم منصب احمد الشرع سے ماسکو میں ملاقات کی۔ بدھ کے روز ہونے والی اس ملاقات کے دوران شام میں روسی فوجی اڈوں کے مسئلے پر گفتگو کی۔
روسی خبر رساں ایجنسی "اسپٹنک" کے مطابق جمعرات کے روز ایک سوال کے جواب میں کہ کیا پوتین اور الشرع کے درمیان روسی فوجی اڈوں پر بات ہوئی، لاؤروف نے بتایا کہ "ہر چیز پر بات ہوئی"۔
اس سے قبل کریملن کے ترجمان دمتری بیسکوف نے کہا تھا کہ پوتین اور الشرع کے درمیان ملاقات میں شام میں روسی فوجی اڈوں کا معاملہ زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔
روسی صدر ولادی میر پوتین نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ روس اور شام کے درمیان کئی دہائیوں سے خصوصی نوعیت کے تعلقات قائم ہیں اور روس کی شام کے ساتھ پالیسی ہمیشہ شامی عوام کے مفادات کی بنیاد پر استوار رہی ہے۔