فرانس کے سابق صدر نیکولا سارکوزی کی قید تنہائی ، 11 میٹر کی کوٹھڑی اور تین کتابیں

"لا سانتیہ" جیل میں ہفتوں یا مہینوں تک قیام متوقع، وکلا نے مشروط رہائی کی درخواست دائر کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

فرانس کے سابق صدر نیکولا سارکوزی اپنی پانچ سالہ سزا کے آغاز کے بعد پیرس کی "لا سانتیہ" جیل میں قید ہیں، جہاں وہ 11 مربع میٹر کی ایک تنہائی والی کوٹھڑی میں دن گزار رہے ہیں۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق یہ جیل دارالحکومت کے مونپارناس علاقے میں واقع ہے۔

فرانسیسی اخبار "لو پاریزین" کے مطابق سارکوزی منگل کو جیل میں داخل ہوئے تو ان کے ہاتھ میں صرف ایک چھوٹا سا بیگ تھا، جس میں تین کتابیں اور چند ذاتی تصاویر تھیں۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر کو جیل کے "خاص حصے" میں رکھا گیا ہے تاکہ ان کی سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے، کیونکہ جیل کے دیگر قیدیوں میں منشیات کے سوداگر اور دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث افراد شامل ہیں۔ جیل انتظامیہ نے ان کی علیحدہ کوٹھڑی کی درخواست مسترد کر دی، تاہم احتیاطی طور پر انہیں مکمل تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

سارکوزی کی کوٹھڑی میں زمین سے جڑا ہوا ایک بستر، ایک چھوٹا میز، شاور اور بیت الخلا موجود ہے۔ انہیں محدود سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں کھانا گرم کرنے کے لیے ایک برقی چولہا، ایک ٹی وی اور ایک چھوٹا فریج شامل ہے۔ وہ صفائی اور خوراک کی اشیاء اندرونی "کینٹین" سے خرید سکتے ہیں تاکہ جیل کے کینٹین کے کھانے سے بچ سکیں۔

انہیں 10 مخصوص نمبروں پر نگرانی شدہ فون کالز کی اجازت ہوگی اور ہفتے میں تین ملاقاتیں ممکن ہوں گی۔ ان کی فیملی کے لیے علیحدہ داخلی راستہ رکھا گیا ہے تاکہ وہ دوسرے قیدیوں کے اہل خانہ سے نہ ٹکرائیں۔

روزانہ سیر کے دوران تین سکیورٹی اہلکار ان کے ہمراہ ہوتے ہیں۔ یہ سیر ایک 30 مربع میٹر کے اندرونی صحن میں ہوتی ہے جس کے گرد خاردار تاریں لگی ہیں۔ سارکوزی کو جیل کی لائبریری اور ورزش گاہ تک بھی محدود وقت کے لیے رسائی حاصل ہوگی۔

اپنے تنہائی کے دنوں میں وہ تین منتخب کتابیں پڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جن میں "دی کاؤنٹ آف مونٹے کریستو" از الیگزاندر دوما اور "سیرتِ یسوع" از ژاں کرسٹیاں پیٹیلس شامل ہیں۔

ان کے وکلا نے عدالت میں مشروط رہائی کی درخواست جمع کرائی ہے، جس پر اگلے دو ماہ میں فیصلہ متوقع ہے۔ اگر درخواست مسترد ہو گئی تو ممکن ہے کہ سارکوزی اپنی اپیل کی سماعت تک، جو 2026ء میں متوقع ہے، جیل ہی میں رہیں۔

"لا سانتیہ" جیل 1867ء میں قائم کی گئی تھی اور یہ پیرس کی واحد جیل ہے جو اب بھی شہر کی حدود کے اندر واقع ہے۔ یہ جیل کئی معروف شخصیات کو قید رکھنے کے لیے مشہور رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں