ایلون مسک کی کمپنی ’ایکس‘ کو نیا جھٹکا، شعبہ اشتہارات کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سماجی رابطے کی معروف پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) کے اشتہارات کے سربراہ جون نیٹی نے صرف دس ماہ بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

نیٹی جو عالمی سطح پر آمدنی کے انتظام اور اشتہاری جدت کے سربراہ کے طور پر کمپنی سے وابستہ ہوئے تھے سابق چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو کے ممکنہ جانشین سمجھے جا رہے تھے، جنہوں نے جولائی میں استعفیٰ دیا تھا۔

نیٹی کی روانگی ایلون مسک کی زیرِ ملکیت کمپنی کے اعلیٰ انتظامی عملے میں بڑھتی ہوئی بے چینی کے درمیان ایک اور بڑی رخصتی ہے۔

برطانوی اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کئی سینئر عہدیدار مسک کی اچانک بدلتی حکمتِ عملیوں اور یکطرفہ فیصلوں سے نالاں تھے۔ ان میں وہ فیصلہ بھی شامل ہے جس کے تحت مسک نے اشتہارات میں ہیش ٹیگز کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی۔ یہ اقدام انہوں نے بغیر اپنے اشتہاری عملے سے مشورہ سے کیا تھا۔

ادھر ایلون ماسک نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں ’اوپن اے آئی‘ اور ’ڈیپ مائنڈ‘ جیسی کمپنیوں سے مقابلہ کرنے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جس کے باعث اشتہاری شعبے پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اگرچہ 2023ء کے آخر میں مسک کے متنازع بیانات کے بعد کچھ بڑی کمپنیوں نے دوبارہ پلیٹ فارم کا رخ کیا ہے اور ان کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’xAI‘ نے ڈزنی سمیت کئی اداروں کے ساتھ اشتراکی معاہدے کیے ہیں، تاہم کچھ دیگر برانڈز خفیہ طور پر شکایت کر رہے ہیں کہ انہیں اشتہارات دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اس کی ایک مثال ’ایکس‘ کی جانب سے ’شل‘ اور ’پنٹرسٹ‘ سمیت متعدد کمپنیوں کے خلاف دائر کیے گئے مقدمات ہیں، جن پر پلیٹ فارم نے بائیکاٹ کے الزامات عائد کیے تھے۔

ایکس سے قبل جون نیٹی تقریباً نو سال تک ویریزن اور اس سے پہلے امریکی کمپنی امریکن ایکسپریس سے منسلک رہے۔

ایکس میں اعلیٰ سطح کی یہ تبدیلیاں صرف نیٹی تک محدود نہیں، بلکہ حال ہی میں پلیٹ فارم کے چیف فنانشل آفیسر محمود رضا بانکی نے بھی اکتوبر میں عہدہ چھوڑ دیا تھا،۔انہوں نے بھی ایک سال سے کم عرصہ قبل یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں