شہزادہ اینڈریو کے خطابات واپس لیے جانے کے بعد ان کی دو بیٹیوں کا کیا ہوگا؟
شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی اپنے ٹائٹل برقرار رکھیں گی
بکنگھم پیلس کے بادشاہ چارلس سوم کی جانب سے اپنے بھائی شہزادہ اینڈریو سے ان کے خطابات واپس لینے اور ان کی شاہی رہائش گاہ کو خالی کروانے فیصلے کے حالیہ اعلان کے بعد اینڈریو کی بیٹیوں بیٹریس اور یوجینی کے مستقبل کے بارے میں سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔
شاہی محل نے کہا ہے کہ اینڈریو اب اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کے نام سے جانا جائے گا اور اسے شہزادہ نہیں کہا جائے گا۔ یہ کارروائی جنسی سمگلنگ کے مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ اینڈریو کے تعلقات کے بارے میں انکشافات کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
اس ماہ کے شروع میں ایپسٹین سے دوستی اور ایپسٹین کے متاثرین میں سے ایک ورجینیا رابرٹس گیفری کے الزامات کی وجہ سے ڈیوک آف یارک کے لقب سے دستبردار ہونے کے بعد شاہی عدالت پر شہزادے کو اپنی رہائش گاہ سے ہٹانے کے لیے دباؤ بڑھ رہا تھا۔ لیکن بادشاہ نے مزید آگے بڑھتے ہوئے ان سے وہ شاہی لقب چھین لیا جو انہوں نے مرحوم ملکہ الزبتھ دوم کے بیٹے کے طور پر پیدائش سے ہی حاصل کیا تھا۔ بکنگھم پیلس کے مطابق پرنس اینڈریو نے بھی اپنی موجودہ رہائش گاہ چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
تاہم شہزادہ اینڈریو کی بیٹیاں برطانوی شاہی خاندان کا حصہ رہیں گی ۔ کنگ چارلس نے جیفری ایپسٹین سکینڈل کے بعد اپنے بھائی کو القابات سے دستبردار کرنے کے لیے باضابطہ عمل شروع کیا تھا۔ ایک شہزادے کی بیٹیوں کے طور پر شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی 1917 کے شاہی فرمان کے تحت اپنے القاب کو برقرار رکھیں گی۔ یہ شاہی فرمان کنگ جارج پنجم نے جاری کیا تھا۔
سمجھا جا رہا ہے کہ دونوں بہنوں کو کرسمس اور دیگر شاہی تقریبات کے لیے سینڈرنگھم میں ہونے والے اجتماع میں شامل ہونے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ 37 سالہ بیٹریس نے گزشتہ کرسمس کے موقع پر کنگز نورفولک سٹیٹ میں شرکت کی اور صبح کی خدمت میں حصہ لیا ۔ بیٹریس کے والد ایک چینی جاسوس سے اپنے مبینہ تعلقات کے تنازع کے باعث غیر حاضر رہے تھے۔ پیٹریس تخت کی قطار میں نویں نمبر پر ہیں اور مصنوعی ذہانت کی سافٹ ویئر کمپنی Affinity کی مشیر اور بگ چینج چیریٹی کی شریک بانی ہیں۔ وہ کئی خیراتی اداروں کی شاہی سرپرست ہیں۔ ان اداروں میں بچوں کا گھر اور ٹین ایج کینسر ٹرسٹ شامل ہیں۔
یوجینی تخت کی قطار میں بارہویں نمبر پر ہے اور وہ بھی متعدد خیراتی اداروں کی سرپرست ہیں۔ 35 سالہ شہزادی یوجینی اس سال کے شروع میں کنگز کے 35 انڈر 35 نیٹ ورک آف چینج میکرز کی سرپرست بنیں اور لندن میں ہاوزر اینڈ ورتھ کی ہم عصر آرٹ گیلری میں ڈائریکٹر ہیں۔
دونوں بہنیں شادی شدہ ہیں اور ان کے بچے ہیں۔ بیٹریس نے 2020 میں کروڑ پتی پراپرٹی ٹائیکون ایڈورڈو میپیلی موزی سے شادی کی۔ کووڈ 19 کی وجہ سے شادی موخر ہوئی تھی۔ یوجینی نے اکتوبر 2018 میں ونڈسر کیسل کے سینٹ جارج چیپل میں ایک شاندار تقریب میں جیک بروکس بینک سے شادی کی جس میں شاہی خاندان کے ارکان اور مشہور شخصیات نے شرکت کی۔