دو فوجی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ فوجی نقل و حمل کرنے والا ایک سوڈانی طیارہ منگل کو ملک کے مشرق میں ایک ایئرپورٹ پر اترنے کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار عملے کے تمام ارکان ہلاک ہو گئے۔
الیوشین آئی ایل-76 مال بردار طیارے کو ایک "تکنیکی خرابی" پیش آ گئی جس کے بعد اس نے بحیرۂ احمر کے شہر پورٹ سوڈان کے عثمان ڈیگنا فوجی مرکز پر اترنے کی کوشش کی تھی اور اسی دوران وہ گر تباہ ہو گیا، یہ بات ایک فوجی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی۔
ایک اور فوجی ذریعے نے بھی نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ "طیارے میں سوار عملے کے تمام ارکان حادثے میں ہلاک ہو گئے۔"
سوڈانی فوج نے یہ نہیں بتایا ہے کہ جہاز میں کتنے اہلکار سوار تھے اور سرکاری طور پر ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔
سوویت ڈیزائن کردہ اور بھاری سامان کی نقل و حمل کرنے والا آئی ایل-76 ہوائی جہاز طویل عرصے سے فوج کے لیے سخت کام کرتا رہا ہے اور اسے صفِ اوّل میں سامان اور اہلکاروں کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ واقعہ ایسے حالات میں پیش آیا ہے جب سوڈان دنیا کے ایک بدترین انسانی بحران کا شکار ہے۔
اپریل 2023 سے فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) طاقت کے حصول کے لیے وحشیانہ جنگ لڑ رہے ہیں جس میں دسیوں ہزار افراد ہلاک اور تقریباً 12 ملین بے گھر ہو چکے ہیں۔
متعدد محاذوں پر لڑائی جاری رہنے کے باعث مزید لاکھوں افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔