بھارتی ارب پتی اننت امبانی نے ارجنٹائن کے فٹبال سٹار لیونل میسی کو حالیہ دورۂ بھارت کے دوران مبینہ طور پر تقریباً 1.3 ملین ڈالر کی ایک نایاب پرتعیش گھڑی تحفے میں دی۔
امبانی نے انٹر میامی کے کھلاڑی کو رچرڈ مِل آر ایم 003-V2 جی ایم ٹی گھڑی کا ایشیائی ایڈیشن پیش کیا۔
برطانیہ کے دی سن کے مطابق تقریباً 1.3 ملین ڈالر کی یہ بیش قیمت گھڑی انتہائی نایاب اور غیر معمولی سمجھی جاتی ہے اور اب تک صرف 12 ایسی گھڑیاں ہی تیار کی گئی ہیں۔
گھڑی میں کاربن فائبر کا ایک سیاہ کیس اور ایک شفاف ڈائل ہے جس سے اس کی اندرونی ساخت اور پرزہ جات ظاہر ہوتے ہیں۔
اس گھڑی کے ساتھ میسی کی تصاویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر زیرِ گردش ہیں جبکہ اطلاعات ہیں کہ فٹ بال سٹار نے "نہایت خوشی سے" یہ تحفہ قبول کیا۔
فٹبالر کے دورۂ بھارت کے دوران کولکتہ میں اس وقت افراتفری پیدا ہو گئی جب وہ تقریباً 20 منٹ تک سالٹ لیک سٹیڈیم میں موجود رہے۔
شائقین نے مبینہ طور پر کرسیاں اور بوتلیں پھینک کر ناقص انتظامات پر غصے کا اظہار کیا جس سے حکام میسی اور ان کے انٹر میامی ٹیم کے ساتھیوں لوئس سوریز اور روڈریگو ڈی پال کو ممکنہ زخموں سے بچانے کے لیے اپنے حصار میں پنڈال سے باہر لے جانے پر مجبور ہو گئے۔
دورے کے بعد میسی نے انسٹاگرام پر ایک پیغام پوسٹ کیا جس میں اپنے استقبال پر انہوں نے بھارتی شائقین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے لکھا، "دہلی، ممبئی، حیدرآباد اور کولکتہ کے دورے کتنے ناقابلِ یقین رہے۔ میرے پورے دورے میں پرتپاک استقبال، شاندار مہمان نوازی اور تمام تر اظہارِ محبت کا شکریہ۔ مجھے امید ہے کہ بھارت میں فٹ بال کا مستقبل روشن ہے!"