جنوبی کونسل کی ہٹ دھرمی برقرار رہی تو ناپسندیدہ اقدامات کریں گے: یمنی وزیر اطلاعات
سعودی عرب میں ہمارے بھائی کشیدگی سے بچنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں: معمر الاریانی
یمن کے وزیرِ اطلاعات معمر الاریانی نے کہا ہے کہ جنوبی انتقالی کونسل کی فورسز کی ہٹ دھرمی برقرار رہنے کا مطلب ایسے اقدامات کرنا ہوگا جو ہمیں پسند نہیں ہیں۔ انہوں نے ’’ العربیہ/ الحدث ‘‘ کو دیے گئے بیانات میں یہ بھی کہا کہ اماراتی افواج پہلے ہی مشرقی صوبوں سے نکل چکی ہیں۔ باقی صوبوں سے ان کے انخلاء کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ متحدہ عرب امارات اگلے چند گھنٹوں میں پورے یمن سے نکل جائے گا۔
معمر الاریانی نے انخلاء کے حوالے سے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران مثبت پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی انتقالی کونسل کی فورسز حضرموت کے صحرائی علاقوں میں کئی مقامات سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔ الاریانی نے مزید کہا کہ ہم وادی حضرموت کی طرف مسلسل فوجی نقل و حرکت سے متعلق خبروں کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مغربی ساحل پر تعینات ’’عمالقہ بریگیڈز ‘‘ کی منتقلی سے متعلق خبروں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہم اتحاد (عرب اتحاد) کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے کسی بھی فوجی نقل و حرکت سے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ نمٹیں گے۔
اس کے علاوہ معمر الاریانی نے واضح کیا کہ یمنی حکومت نے مشرقی صوبوں کی پیش رفت کے ساتھ ذمہ داری کی منطق کے ساتھ معاملہ کیا ہے ۔ حکومت کا انتخاب حالات کو پرامن بنانا اور معاملات میں عقل کو فوقیت دینا تھا۔ یمنی وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں ہمارے بھائی کشیدگی کی طرف مائل ہونے سے بچنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
یمنی وزیرِ اطلاعات نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ریاست اور اس کی قانونی حیثیت کا تحفظ بحث اور مذاکرات کے تابع نہیں ہے۔ ریاست اور اتحاد نے خونریزی سے بچنے کے لیے رضاکارانہ حل کو موقع دینے کا انتخاب کیا ہے۔ معمر الاریانی نے ذکر کیا کہ مشرقی صوبوں میں فوجی فارمیشنز کی جانب سے کی گئی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدہ منسوخ کرنے، 90 دنوں کے لیے ہنگامی حالت نافذ کرنے اور اماراتی افواج سے 24 گھنٹوں کے اندر نکلنے اور فوجی کیمپوں کو ’’ درع الوطن ‘‘ فورسز کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ درع الوطن کا مطلب وطن کی ڈھال ہے۔