امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے کہا ہے کہ وہ اپنے عملے کی غیر معمولی طور پر جلد واپسی پر غور کر رہی ہے، جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ایک مشن پر کام کر رہا ہے، اس کی وجہ ایک صحت کا مسئلہ ہے، جس کی نوعیت واضح نہیں کی گئی اور یہ مسئلہ ایک خلاباز کو لاحق ہے۔ اس کے بعد آج جمعرات کو طے شدہ خلاء میں سیر منسوخ کر دی گئی۔
ناسا کی ایک ترجمان نے بتایا کہ جس خلاباز کو صحت کا مسئلہ درپیش ہے ،وہ اسٹیشن پر مستحکم حالت میں ہے، تاہم اس کا نام نہیں بتایا گیا۔
ترجمان نے بدھ کی شام جاری بیان میں کہا:ہماری اولین ترجیح مشن کو محفوظ طریقے سے انجام دینا ہے، ہم ہر ممکنہ آپشن کا جائزہ لے رہے ہیں، جس میں کرو-11 مشن کو جلد ختم کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔
ناسا نے پہلے جاری بیان میں کہا کہ ہم ایک عملے کے رکن میں صحت کے مسئلے کی پیروی کر رہے ہیں جو بدھ کی دوپہر ظاہر ہوا۔خلاباز عام طور پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر چھ سے آٹھ ماہ قیام کرتے ہیں، جہاں ان کے لیے بنیادی طبی آلات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ادویات دستیاب ہوتی ہیں۔کرو-11 عملے میں چار خلاباز شامل ہیں: دو امریکی، ایک جاپانی اور ایک روسی۔ یہ عملہ اگست میں فلوریڈا سے روانہ ہوا تھا اور ان کی اصل واپسی کا وقت مئی تھا۔ناسا کے خلابازوں کے مطابق اسٹیشن پر صحت کی حالت ایک حساس معاملہ ہے، جسے افشا نہیں کیا جا سکتا اور خلاباز نادر ہی اپنی بیماری یا مسئلے کے بارے میں بات کرتے ہیں۔