میئر نیویارک زہران ممدانی کی اہلیہ کا ’ایکس‘ اکاؤنٹ حذف کرنے پر تنازعہ
میڈیا رپورٹس میں راما دواجی کی پرانی پوسٹس کو امریکی فوج پر تنقید اور 7 اکتوبر کے حملے کی تعریف سے جوڑا گیا
نیویارک ’سٹی‘ کے میئر کی اہلیہ راما دواجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنا پرانا اکاؤنٹ حذف کر کے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ یہ قدم ان منسوبہ پوسٹس کے دوبارہ گردش کرنے کے بعد اٹھایا گیا ہے جن میں فلسطینی مسلح افراد کی تعریف اور امریکی فوج و اسرائیل پر تنقید کی گئی تھی۔
اکاؤنٹ کی بندش ’واشنگٹن فری بیکن‘ کی اس رپورٹ کے ایک دن بعد عمل میں آئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ دواجی کے لڑکپن اور جوانی کے ابتدائی دور کی پوسٹس ’ایکس‘ اور ’ٹمبلر‘ پر موجود تھیں۔ رپورٹ کے مطابق ان پوسٹس میں سات اکتوبر سنہ 2023ء کے حملے سے متعلق انسٹاگرام مواد پر ردعمل اور اسرائیل کے بارے میں متنازع آراء شامل تھیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان میں سے کچھ پوسٹس سنہ 2013ء کی ہیں جب ان کی عمر تقریباً 15 سال تھی اور چہرے کی شناخت کی تکنیک کے ذریعے ان کا تعلق راما دواجی سے جوڑا گیا ہے۔ اگرچہ انہوں نے اپنا ’ایکس‘ اکاؤنٹ حذف کر دیا ہے لیکن ان کا عوامی انسٹاگرام اکاؤنٹ جس کے تقریباً بیس لاکھ فالوورز ہیں اب بھی فعال ہے۔
گردش کرنے والے مواد میں سنہ 2015ء کی ایک پوسٹ بھی شامل ہے جس میں کہا گیا تھا کہ تل ابیب کا ’کوئی وجود نہیں ہونا چاہیے‘ اور وہاں کے رہائشیوں کو ’قابض‘ قرار دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ’ٹمبلر‘ پر موجود مواد میں ان کی جانب سے عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین (پی ایل او) سے وابستہ شخصیات کی تعریف اور امریکی فوج پر تیسری دنیا کے ممالک میں شہریوں کے خلاف خلاف ورزیوں کے الزامات کی ری پوسٹس بھی شامل تھیں۔
اب تک راما دواجی کی جانب سے اس تنازع پر کوئی سرکاری تبصرہ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی میئر نیویارک کے دفتر نے میڈیا کے سوالات کا کوئی جواب دیا ہے۔
دوسری جانب میئر زہران ممدانی نے اپنی اہلیہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’میری اہلیہ ایک نجی شخصیت ہیں اور میری انتخابی مہم یا شہر کے انتظامی امور میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک منتخب عہدیدار ہونے کے ناطے وہ شہر کے باشندوں کے سامنے اپنے سیاسی موقف کی وضاحت کرنے کے ذمہ دار ہیں۔