ہلا دینے والا واقعہ، روبوٹ نے سرعام بچے کے چہرے پر تھپڑ جڑ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ایک ہلا دینے والے واقعے میں اپنی ماں کے پاس کھڑے ایک بچے کو اس وقت اچانک چہرے پر تھپڑ کا سامنا کرنا پڑ گیا جب چین کے صوبے شانشی میں رقص کا مظاہرہ کرنے والے ایک "روبوٹ" نے اسے ہٹ کردیا۔ اسے دیکھ کر حاضرین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

فوٹیج میں دکھایا گیا کہ "Unitree" ماڈل کا ایک روبوٹ سٹیج پر گھوم رہا تھا کہ اچانک اپنی موسیقی کی تال پر وسیع حرکات کے دوران وہ سامعین کی طرف مڑ گیا اور اس چھوٹے بچے کو تھپڑ دے مارا۔ بچے نے روبوٹ کے دھاتی اعضا سے بچنے کے لیے تھوڑا پیچھے ہٹنے کی کوشش کی۔

لیکن وہ روبوٹ کی تیز رفتار گردش کے دوران ٹکراؤ سے نہ بچ سکا جس کے نتیجے میں روبوٹ کا بازو براہ راست اس کے چہرے سے جا ٹکرایا۔ یہ واقعہ برطانوی ’’ ڈیلی میل ‘‘ نے رپورٹ کیا ہے۔ دریں اثنا شو کی ٹیم نے روبوٹ پر قابو پانے اور اسے حاضرین سے دور کرنے کی کوشش کی تاکہ رقص کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔ عوام کی نظریں بچے کی خیریت جاننے کے لیے اس کی طرف مرکوز ہوگئیں۔

شانشی صوبے کے اس واقعے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کرلی ۔ ایک صارف نے ’’ ایکس‘‘ پر لکھا کہ روبوٹ بچے کو بے ہنگم مکے مار رہا ہے، ہم اس ٹیکنالوجی کے محفوظ روزمرہ استعمال سے ابھی بہت دور ہیں۔ ایک دوسرے شخص نے تبصرہ کیا کہ ماں کی بھی کچھ ذمہ داری ہے کیونکہ وہ بچے کی نگرانی کے بجائے فلم بندی میں مصروف تھی۔ ایک اور نے مذاق میں لکھا کہ معاملہ ذاتی تھا!۔

انسان نما "Unitree G1" روبوٹ کا وزن 35 کلوگرام ہے اور اس کی اونچائی 1.32 میٹر تک پہنچتی ہے۔ اس کے جوڑوں میں حرکت کے 23 درجات ہیں جو اسے عام انسان سے زیادہ حرکت کرنے کی صلاحیت دیتے ہیں۔ اس روبوٹ میں ایک جدید سینسنگ سسٹم بھی چھپا ہوا ہے جس میں تھری ڈی لیڈار (LiDAR) سینسر اور ڈیپتھ سینسنگ کیمرہ شامل ہے جو اسے جدید ترین انسان نما روبوٹوں میں سے ایک بناتا ہے۔

اس سے قبل "Unitree" ماڈل کے روبوٹس نے چائنا سینٹرل ٹیلی وی ( سی سی ٹی وی ) کے زیر اہتمام "سپرنگ فیسٹیول" کے دوران دلیرانہ پرفارمنس دی تھی جہاں انہوں نے شو میں شریک بچوں کے قریب ہی کرتب دکھانے، قلابازیاں کھانے اور لاٹھیوں اور تلواروں کے ساتھ جنگی حرکات کا مظاہرہ کیا تھا۔ لیکن یہ واقعات بتاتے ہیں کہ یہ روبوٹ ہمیشہ مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوتے۔

یادرہے گزشتہ سال کے شروع میں ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ایک روبوٹ ایک آدمی کو لات مار رہا ہے ۔ اسی طرح ایک واقعہ میں ایک اور روبوٹ نے تلا ہوا کھانا تیار کرنے کی کوشش کی لیکن گندگی پھیلا دی اور فرش پر پھسل گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں