عراقی وزیراعظم عبادی برطانوی شہریت سے دستبردار
عراق کے نئے وزیراعظم حیدر العبادی گذشتہ ہفتے اپنا منصب سنبھالنے سے پہلے برطانوی شہریت سے دستبردار ہوگئے تھے۔
عراقی وزیراعظم سے قریبی تعلق رکھنے والے تین عہدے داروں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ 8 ستمبر کو ڈاکٹرحیدرالعبادی اپنی کابینہ کی پارلیمان سے منظوری کے بعد برطانوی پاسپورٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔
عراقی شہری ملکی آئین کے تحت مختلف ممالک کے پاسپورٹس رکھ سکتے ہیں لیکن اعلیٰ سکیورٹی اور حکومتی عہدوں پر فائز ہونے والوں کو غیرملکی شہریت اور پاسپورٹس سے دستبردار ہونا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ حیدرالعبادی 1970ء کے عشرے کے آخر میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے برطانیہ چلے گئے تھے،وہاں انھوں نے مانچسٹر یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی ڈگری حاصل کی تھی۔بعد میں وہ اپنی جماعت الدعوۃ کے برطانیہ ہی میں ترجمان بن گئے تھے۔وہ بیس سال سے زیادہ عرصے تک برطانیہ میں جلا وطنی کی زندگی گزارتے رہے تھے۔
وہ 2003ء میں امریکا کی قیادت میں غیرملکی فوجوں کی عراق پر چڑھائی اور سابق مطلق العنان صدر صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد وطن لوٹے تھے۔انھیں ان کی جماعت نے سابق وزیراعظم نوری المالکی کی جگہ وزیراعظم نامزد کیا تھا اور دوسری جماعتوں نے بھی ان کی حمایت کی تھی۔