فنڈز کی عدم دستیابی،56 لاکھ عراقی مشکلات سے دوچار
عالمی ادارہ صحت نے عراقیوں کے لیے صحت کا بڑا پروگرام معطل کردیا
اقوام متحدہ کو عراق میں جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کے لیے رقوم دستیاب نہیں ہورہی ہیں جس کے پیش نظر اس نے عراق میں صحت کے لیے اپنا ایک بڑا پروگرام بند کردیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے عراق میں صحت کے شعبے میں خدمات مہیا کرنے کے لیے چھے کروڑ نوے لاکھ ڈالرز کی امدادی رقم کی اپیل کی تھی لیکن اس رقم میں سے صرف اکاون لاکھ ڈالرز وصول ہوئے ہیں اور یہ کل رقم کا صرف آٹھ فی صد ہیں۔
رقوم کی قلّت کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے عراق کی دس گورنریوں میں ایک سو چوراسی صحت مراکز میں کام معطل کردیا ہے۔اس کے علاوہ عراق میں چوراسی فی صد صحت پروگرام بھی بند کردیے گئے ہیں۔
عراق میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر سیّد جعفر حسین نے منگل کے روز خبردار کیا تھا کہ جب تک اضافی فنڈز دستیاب نہیں ہوتے ہیں،اس وقت تک لاکھوں مزید عراقی صحت کی ہنگامی خدمات سے محروم رہیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او امداد دینے والے اداروں سے رجوع کررہا ہے اور اسے توقع ہے کہ معطل سرگرمیوں کی بحالی کے لیے درکار رقوم مہیا کردی جائیں گی تاکہ چھپن لاکھ عراقیوں کو مختلف امراض کا شکار ہونے سے بچایا جاسکے۔