حاکم دبئی کے جواں سال بڑے بیٹے انتقال کر گئے
الشيخ راشد بن محمد کی وفات پر تین روزہ سوگ، پرچم سرنگوں رہے گا
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے بڑے صاحبزادے الشیخ راشد بن محمد بن راشد آل مکتوم ہفتے کی صبح انتقال کر گئے۔ مرحوم کی عمر 34 برس تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'وام' کے مطابق راشد بن محمد کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ حاکم دبئی کے دیوان نے ایک تعزیتی اعلان میں جواں سال راشد بن محمد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم کی نماز جنازہ زعبیل کی مسجد میں ہفتے کی شام کو ادا کی جائے گی۔ ان کی تدفین بر دبئی کے ام ھریر قبرستان میں کی جائے گی۔
الشیخ راشد بن محمد کے انتقال پر دبئی میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سوگ کے ایام میں متحدہ عرب امارات کے پرچم سرنگوں رہیں گے۔ الشیخ راشد مایہ ناز گھر سوار تھے اور انہیں نادر نسل کے گھوڑے پالنے کا بہت زیادہ شوق تھا۔ وہ زعیبل میں ایک بڑے اصطبل کے مالک تھے جہاں انہوں نے نادر نسل کے کئی گھوڑے پال رکھے تھے۔