گذشتہ پانچ ماہ میں عمرے کے 46 لاکھ ویزوں کا اجراء

عازمین عمرہ میں مصری پہلے،پاکستانی دوسرے اور انڈونیشی تیسرے نمبر پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کی حکومت نے رواں عمرہ سیزن کے دوران گذشتہ پانچ ماہ میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے چھیالیس لاکھ سے زیادہ فرزندان توحید کو عمرے کے ویزے جاری کیے ہیں۔

سعودی عرب کے قومی حج کمیشن کے وائس چیئرمین انجینیر عبداللہ القاضی نے اخبار ’’الا قتصادیہ‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عمرہ سیزن کے پہلے پانچ ماہ کے دوران اب تک 46 لاکھ 50 ہزار ویزے جاری کیے گئے ہیں جب کہ عمرہ کرنے والے غیر ملکی مسلمانوں کی تعداد 41 لاکھ سے زیادہ رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ حالیہ دو مہینوں میں بعض ممالک کے عازمین عمرہ کی تعداد میں کمی اور بعض کے عازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے دو برسوں کی نسبت اس سال اب تک عمرہ کے لیے آنے والے غیرملکیوں کی تعداد میں دو فی صد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔

رواں سال کے صفر المظفر اور ربیع الاول کے مہینوں میں بھی عازمین عمرہ کی تعداد میں 12 فی صد کا فرق ریکارڈ کیا گیا۔ عمرہ کے لیے آنے والے غیرملکی شہریوں میں مصر کے عازمین سب سے زیادہ ہیں۔ دوسرے نمبر پرپاکستان اور تیسرے پرانڈونیشیا کے عازمین عمرہ نے حرمین شریفین کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔

عبداللہ القاضی کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں عازمین عمرہ کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کی توقع ہے۔ بالخصوص ماہ صیام میں بیرون اور اندرون ملک سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین حرمین شریفین کی زیارت کو آئیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں