شام اور عراق میں دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کریں گے: ایردوآن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ شام اور عراق میں قائم دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کیے جائیں گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مغربی ترکی کی منیسا ریاست میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں صدر ایردوآن نے کہا کہ ترکی کی مسلح افواج شام اور عراق میں موجود دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو تباہ کرے گی۔

خبر رساں ایجنسی ’اناطولیہ‘ کے مطابق صدر ایردوآن نے کہا کہ شام اور عراق کے کئی علاقے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔ ترکی کو دہشت گردوں کے حملوں سے لاحق خطرات کے تدارک کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے جائیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔

گذشتہ بدھ کو ترکی میں دہشت گردوں کے حملوں پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوآن نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں کے حملوں میں دو روز میں ہمارے نو سیکیورٹی اہلکار مارے گئے جبکہ فورسز نے جوابی کارروائی کر کے 55 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ ہمارے ڈرون طیارے اور لڑاکا جہاز دہشت گردوں کا تعاقب کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہداء کا خون رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، آنے والے دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف زیادہ طاقت کے ساتھ آپریشن کیا جائے گا جو دہشت گردوں کے مکمل صفایا تک جاری رہے گا۔

جمعہ کے روز ترک فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فورسز نے کردستان ورکرز پارٹی کے 66 ارکان کو ہلاک کیا ہے۔ ترکی ’پی کے کے‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں