شاہ سلمان کی برطانوی وزیراعظم سے علاقائی صورت حال پر بات چیت
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے گذشتہ روز سعودی عرب کے دورے کے دوران الریاض میں شاہی محل میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔
دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورت حال، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ الریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر مملکت اور خادم الحرمین کے مشیر شہزادہ منصور بن متعب بن عبدالعزیز، برطانیہ میں سعودی عرب کے سفیر محمد بن نواف بن عبدالعزیز، شاہی دیوان کے انچارج شہزادہ عبدالرحمان بن عیسیٰ، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، وزیرخارجہ عادل الجبیر اور وزیرخزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان جب کہ برطانوی وفد میں سعودی عرب میں برطانوی سفیر سائمن کولیس، عسکری مشیر جون کلاک اور قومی سلامتی کے نائب مشیر کریسٹین تیرنز شریک تھے۔