صنعاء: حوثی ملیشیا کے ہاتھوں محلّہ کمیٹیوں کے سربراہان کی گرفتاری
یمن میں مقامی اور میڈیا ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ باغی حوثی ملیشیا نے دارالحکومت صنعاء میں رہائشی محلّوں کی کمیٹیوں کے 45 سربراہان کو گرفتار کر کے انہیں سیاسی قیدیوں کی جیل پہنچا دیا۔
مذکورہ ذرائع نے باور کرایا ہے کہ گرفتار ہونے والی شخصیات نے حوثیوں کے ان احکامات کو ماننے سے انکار کر دیا تھا جن میں کہا گیا تھا کہ اپنے گھروں میں موجود تمام عسکری اہل کاروں کے بارے میں اطلاع فراہم کی جائے اور انہیں بزور طاقت طلب کرنے میں معاونت بھی کی جائے۔ اس اقدام کا مقصد ان عسکری اہل کاروں کو لڑائی کے محاذوں میں جھونکنا ہے جہاں حوثی باغیوں کو پے در پے شکستوں کے بعد نفری کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
حوثی ملیشیا نے عسکری اور سکیورٹی اہل کاروں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے ان کو گھریلو استعمال کے گیس سلنڈروں کے بدلے لازم قرار دیا ہے۔ باغیوں نے دو ماہ سے دارالحکومت کے تمام گیس اسٹیشنوں کی بندش کر رکھی ہے۔