اردن اسرائیل کے ساتھ سرحدی زمین کی لیز کے سمجھوتے میں توسیع نہیں کرے گا:شاہِ عبداللہ
اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے وادی عربہ معاہدے کی ایک شق ختم کردی ہے اور کہا ہے کہ عمان 1994ء میں اسرائیل کے ساتھ طے شدہ سمجھوتے میں توسیع کے لیے تیار نہیں ہے۔
انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’الباقورہ اور آل غمر ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ہم نے اردن اور اردنیوں کے مفاد میں امن سمجھوتے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔
اردن میں مظاہرین گذشتہ کئی روز سے اس سمجھوتے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور اس میں توسیع نہ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اردن لیز کے خاتمے کے لیے اپنے آپشن پر عمل درآمد کرنا چاہتا ہے۔اسرائیل اس کے ساتھ موجودہ سمجھوتے میں توسیع کے لیے مذاکرات کرے گا‘‘۔
اسرائیل نے امن سمجھوتے کے ضمیمے کے طور پر اردن کے ساتھ سرحد پر واقع قریباً ایک ہزار ایکڑ زرعی اراضی لیز کی تھی۔اس کے علاوہ وادیِ جلیل میں ’’امن کا جزیرہ‘‘ کے نام سے ایک قطعہ اراضی بھی لیز کیا تھا۔