مصر:کالعدم الاخوان المسلمون کے مرشدِعام اور نائب کو جاسوسی پر عمر قید کی سزا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

مصر میں ایک عدالت نے کالعدم مذہبی سیاسی جماعت الاخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع سمیت گیارہ شخصیات کو حماس کے لیے جاسوسی کے جرم میں مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

عدالت نے محمد بدیع اور ان کے نائب خیرت الشاطر کو عمر قید کا حکم دیا ہے۔ مصر میں عمرقید کی مدت پچیس سال ہے۔عدالت نے الاخوان کے پانچ ارکان کو سات سے دس سال تک قید کی سزا سنائی ہے اور چھے افراد کو بری کردیا ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق ان مدعاعلیہان پر غیر ملکی تنظیموں فلسطینی حماس اور لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے ساتھ مل کر جرائم کے ارتکاب کی پاداش میں فردِ جرم عاید کی گئی تھی۔ان پر دہشت گردی کی مالی معاونت اور ملک کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا بھی الزام تھا۔

اس عدالت کے جج محمد فہمی نے بدھ کے روز فیصلہ سنانے سے قبل کہا:’’ان مدعاعلیہان نے جن جرائم کا ارتکاب کیا تھا،ان سے ملک کی آزادی اور سلامتی کونقصان پہنچا تھا۔انھوں نے اپنی قوم سے غداری کی اور انھیں اس پر کوئی معافی نہیں دی جاسکتی۔‘‘

تمام سزا یافتگان اس فیصلے کے خلاف مصر کی اعلیٰ عدالت میں اپیل دائرکرسکتے ہیں۔اس کیس میں معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو بھی ماخوذ کیا گیا تھا لیکن وہ جون میں عدالت میں اپنے خلاف ایک مقدمے کی سماعت کے دوران میں اچانک طبیعت بگڑ جانے سے انتقال کرگئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں