وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خادم الحرمین الشریفین سے ملاقات
وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کی شام اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ جدہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم پاکستان نے ملاقات کے دوران بقیق اور خریص میں ارامکو تنصیبات پر ہونےو الے حملوں کی مذمت کی اور موجودہ بحران میں سعودی عرب کے ساتھ ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
سعودی پریس ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق خادم الحرمین الشریفین نے پاکستان کے اصولی موقف کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مملکت اس مجرمانہ فعل کے اثرات سے نمٹنے میں کامیاب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ارامکو تنصیبات پر حملوں کا مقصد خطے کی سلامتی ،استحکام اور عالمی توانائی کی رسد کو نقصان پہنچانا تھا۔
دونوں رہ نمائوں میں ہونے والی ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے مابین قریبی تعلقات، تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں گورنر مکہ اور خادم الحرمین الشریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل بن عبد العزیز، وزیر مملکت ، کابینہ کے رکن قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان ، وزیر خارجہ ابراہیم بن عبد العساف ، وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان، خادم الحرمین کے اسسٹنٹ سکریٹری تمیم بن عبد العزیز السالم پاکستان میں سعودی عرب کےسفیر نواف بن سعید المالکی نے شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کے وفد میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ، وزیر اعظم کے مشیر عبدالحفیظ شیخ اور سعودی عرب میں پاکستان کےسفیر راجہ علی اعجاز اور متعدد عہدیدار بھی موجود تھے۔
قبل ازیں عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے ارامکو حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کو اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔