شمالی شام میں ترک فوجی آپریشن شامی خودمختاری پر حملہ ہے: سعودی عرب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب نے شام میں بدھ کے روز سے جاری ترک فوجی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شام میں نہتے اور بے گناہ شہریوں پر بمباری بند کی جائے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ’’الریاض، شمال مشرقی شام میں ترک فوج کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور اسے شام میں ترکی کی فوجی مداخلت عرب ملک کی وحدت، آزادی اور خودمختاری کی صریح خلاف ورزی سمجھتا ہے۔‘‘

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق وزارت خارجہ کے ذرائع نے شام میں ترکی کی فوجی جارحیت کو علاقائی امن وسلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب نے برادر ملک شام کے عوام کے تحفظ اور اس کے استحکام ، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کے بہانوں سے قطع نظر شمال مشرقی شام پر اس کی جارحیت خطے کی سلامتی اور استحکام پر منفی اثرات مرتب کرے گی۔ اس جارحیت کے نتیجے میں خطے میں دولت اسلامیہ 'داعش' کے خلاف جاری آپریشن متاثر ہو گا۔

ادھر عالمی سطح پر بھی ترکی کی شام میں فوجی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔ شام میں ترکی کی جارحیت کے بعد سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کونسل کا ہنگامی اجلاس آج [جمعرات] ہو گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size