اسرائیل نے حماس کے مبیّنہ منحرف کمانڈر کی شناخت ظاہر کردی
اسرائیل نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے مبیّنہ طورپر غزہ سے منحرف ہونے والے ایک کمانڈر کی شناخت ظاہر کردی ہے۔
اسرائیل کی سکیورٹی ایجنسی شین بیت نے حماس کے اس فیلڈ کمانڈر کا نام عزالدین حسین بتایا ہے۔وہ مبیّنہ طور پر غزہ سے سمندر کے راستے فرار ہوا تھا اور اسرائیل کے ساحلی سرحدی علاقے میں پیراکی کرتے ہوئے داخل ہوا تھا۔
اسرائیل کے مقامی میڈیا نے شین بیت کے حوالے سے بتایا ہے کہ عزالدین حسین نے صہیونی حکومت کو حماس کے بارے میں بعض معلومات فراہم کی ہیں۔اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عزالدین حسین حماس کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کا کمانڈر تھا۔
دوسری جانب حماس نے اپنے کسی کمانڈر کے منحرف ہونے کی تردید کی ہے۔