ایران کے نام ایک واضح پیغام میں اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اس کی فضائیہ نے امریکی فضائیہ کے ساتھ مشترکہ مشقیں مکمل کرلی ہیں۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ "ڈیزرٹ فالکن" نامی مشیں اسرائیل میں ہوئیں جہاں اسرائیلی فوج نے امریکی افواج کے ساتھ مل کر متعدد منظرناموں اور فضائی حملوں کے نفاذ کی تربیت حاصل کی۔
ٹویٹر پر پوسٹ کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مشقیں ہمارے تعاون اور کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کی تیاری میں مزید اضافہ کرے گی۔
اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی اور فوجی حملے کی دھمکیوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ تل ابیب نے تہران کو ایک سے زیادہ مرتبہ دھمکیاں دی تھیں۔ خاص طور پر اب تک ویانا مذاکرات کی پے درپے ناکامی کے بعد کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکامی کی صورت میں اسرائیل کی طرف سے ایران پر فوجی حملے کی باتیں کی گئیں۔
ایران کے خلاف حملے کی تیاری
اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل کے سابق سربراہ میر بن شبات نے ایران کے خلاف جنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کر لیے تو اسرائیل ایران کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔ عبرانی اخبار اسرائیل ہیوم نے رپورٹ کیا کہ کنیسٹ (پارلیمنٹ) نے اسرائیلی سیکیورٹی سروسز کی مدد کے لیے ایک اضافی خفیہ بجٹ کی منظوری دی ہے جس کا مقصد ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری ہے۔
مبصرین نے اس بات کو مسترد کر دیا ہے کہ اسرائیل ایران کے خلاف امریکی اور یورپی گرین لائٹ کے بغیر جنگ شروع کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل ایرانی ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے سے خوفزدہ ہے۔