ایران کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی روبرٹ میلی کا کہنا ہے کہ جوہری معاہدے سے قطع نظر ایرانی پاسداران انقلاب پر امریکی پابندیاں برقرار رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاسداران پر پابندیوں کا ،،، دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں اس کے کا نام ہونے یا نہ ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔
روبرٹ میلی آج اتوار کو دوحہ فورم کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی قانون کے تحت پاسداران انقلاب پر پابندیاں عائد رہیں گی۔ امریکی ایلچی کے مطابق واشنگٹن نے ابھی تک پاسداران کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ نہیں کیا !
روبرٹ نے بتایا کہ ویانا میں مذاکرات واقعتا آمادگی کے قریب پہنچ چکے ہیں تاہم بعض امور ابھی تک معلق ہیں۔ میلی کے مطابق ویانا میں معاہدے کے نتیجے سے قطع نظر ان کا ملک خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر تناؤ میں کمی کے لیے کام جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے ہفتے کے روز پہلی مرتبہ سرکاری طور پر انکشاف کیا تھا کہ پاسداران انقلاب کا نام دہشت گردی کی امریکی فہرست سے نکالا جانا ،،، ان چند امور میں سے ہیں جو ابھی تک ویانا میں کسی سمجھوتے تک پہنچنے کی راہ میں حائل ہیں۔ وزیر خارجہ کا دعوی ہے کہ پاسداران انقلاب اس بات کی خواہاں ہے کہ دہشت گردی کی فہرست میں اس کے نام کا معاملہ ،،، ویانا معاہدے کی راہ میں رکاوٹ نہ بنایا جائے۔