سعودی عرب: سفاک شخص کا تفریح گاہ میں خاتون پر تشدد، گرفتار کرلیا گیا
تبوک میں پیش آئے واقعہ کی ویڈیو پھیلانے والوں کیخلاف انسداد سائبر کرائم کے تحت کارروائی ہوگی
سعودی عرب میں ذرائع ابلاغ اور سماجی روابط کی ویب سائٹس پر متحرک افراد نے تبوک کے علاقے میں ایک عوامی پارک میں ایک شخص کے ایک خاتون پر حملہ کرنے اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو وائرل کردی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دیگر افراد خاتون کو مرد کے حملے سے بچا رہے ہیں۔ ویڈیو گردش میں آئی تو سعودی عرب کے شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے انٹرنیٹ پر سفاک شخص کے رویہ کی مذمت کی اور اس کو گرفت میں لانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری طرف تبوک پولیس متحرک ہوگئی اور اس نے عوامی مقام پر ایک خاتون پر حملہ کرنے کے الزام میں شہری کی گرفتاری کا اعلان کردیا۔ جنرل سیکیورٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
جنرل سکیورٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس حوالے سے ویڈیو اور بصری مواد شائع کرنے والوں کو انسداد سائبر کرائم قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا جائے گا۔