اسرائیل کی فوج نے پیر کو کہا کہ اس نے شام کے اندر فوجی تنصیبات پر حملے کیے ہیں کیوں کہ یہ خدشہ بڑھ رہا ہے کہ حماس کے خلاف اس کی جنگ ایک وسیع علاقائی تنازع کو جنم دے سکتی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’تھوڑی دیر قبل، ایک اسرائیلی لڑاکا طیارے نے لانچروں پر حملہ کیا‘جہاں سے راتوں رات اسرائیلی علاقے کی طرف حملے شروع ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیٹ نے ’شام کی سرزمین میں فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔‘
فوج نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں لیکن اسرائیلی پبلک براڈکاسٹر کان نیوز کے مطابق یہ حملے جنوبی شام کے شہر درعا کے قریب کیے گئے۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا کہ اسرائیل نے قریبی مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر گولہ باری کے جواب میں درعا صوبے میں "آرٹیلری بٹالین" سمیت فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے علاقائی نتائج کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔