عراق میں سوشل میڈیا پر گذشتہ چند دنوں سے ایک خبر گردش کررہی ہے کہ بابل گورنری کی پولیس نے ایسے لوگوں کو گرفتار کیا ہے جو گدھے چرانے، ذبح کرنے اور ان کا گوشت حلہ شہر میں ایک ریستوران میں فروخت کرتے تھے۔
کل پیر بابل گورنری کی پولیس کمانڈ نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس نے کیس کے حالات کو واضح کیا۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ گرفتار ملزمان میں سے کچھ نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "گہرائی سے تحقیقات کے بعد یہ واضح ہوا کہ اس کیس میں آٹھ افراد ملوث ہیں، جن میں سے تین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ دیگر پانچ کا تعاقب جاری ہے۔"
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ "مدعا علیہان کے اعتراف کے مطابق وہ السدہ ضلع کے دیہاتوں اور علاقوں سے گدھے چوری کرتے تھے۔ پھر انہیں ذبح کر کے شہر کے وسط میں واقع المشور ریسٹورنٹ میں فروخت کرتے تھے"۔
انہوں نے مزید کہا، "تفتیشی جج نے ہیلتھ کنٹرول ڈپارٹمنٹ، آرگنائزڈ کرائم ڈائریکٹوریٹ، ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ، محکمہ ماحولیات اور بابل پولیس کمانڈ سے ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔ اس پر عمل درآمد کیا گیا۔
بیان میں زور دیا گیا ہے کہ "بابل پولیس کمان تحقیقات مکمل ہونے پر شہریوں کو پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔