اسرائیلی فوج نے جمعرات کو اس بات کی تردید کی کہ اس نے ایک روز قبل وسطی غزہ کی پٹی میں ایک ایمبولینس پر بمباری کی تھی جس میں چار طبی عملے اور دو دیگر افراد ہلاک ہوئے تھے۔
فوج نے اے ایف پی کو ایک بیان میں کہا، "آئی ڈی ایف (اسرائیلی فوج) کو فراہم کردہ تفصیلات کی بنیاد پر ایک جائزہ لیا گیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ بیان کردہ علاقے میں کوئی حملہ نہیں کیا گیا۔"
فلسطینی ہلالِ احمر سوسائٹی نے کہا تھا کہ بدھ کو غزہ کے وسطی علاقے دیر البلح کے داخلی راستے پر ان کی ایمبولینس پر اسرائیلی حملے میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔
اے ایف پی کی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایمبولینس کی چھت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور گاڑی کا کچھ حصہ کچل گیا۔
انٹرنیشنل فیڈریشن فار ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے سربراہ جگن چاپاگین نے سوشل میڈیا پوسٹ میں حملے کو ناقابلِ قبول" قرار دیا اور کہا، "میں ان کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔"
سوگواروں کا ہجوم جمعرات کو طبی ماہرین کے جنازوں کے لیے جمع ہو گیا جن میں ایک سفید کفن کے اوپر فلسطینی ہلالِ احمر کی ایک کٹی پھٹی اور خون آلود وردی رکھی گئی تھی۔
ہلالِ احمر نے کہا کہ ایمبولینس صلاح الدین روڈ پر تھی جو غزہ کی پٹی سے شمالاً جنوباً جانے والی ایک شاہراہ ہے جسے اسرائیلی فوجی پیش قدمی سے بچنے اور فرار ہونے کے لیے ماضی میں ہزاروں فلسطینی استعمال کرتے رہے ہیں۔
اس سے قبل بدھ کی سہ پہر حماس کے زیرِ انتظام غزہ میں وزارتِ صحت نے کہا کہ دیر البلح میں ایک ہسپتال کے قریب اسرائیلی حملے میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان تین ماہ سے زیادہ کی جنگ میں 23,350 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔
بدھ کے ایمبولینس حملے سے پہلے وزارتِ صحت نے کہا کہ تنازع کے آغاز سے 120 سے زیادہ ایمبولینسیں تباہ ہو چکی تھیں اور کم از کم 326 صحت کی نگہداشت کرنے والے کارکنان جاں بحق ہو چکے تھے۔
یہ جنگ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے خونی حملے کے ساتھ شروع ہوئی جس کے نتیجے میں اسرائیل میں تقریباً 1,140 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ یہ سرکاری اعداد و شمار پر مبنی اے ایف پی کی بیان کردہ تعداد ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں لڑائی میں اب تک 186 فوجی مارے جا چکے ہیں۔
-
"کریپ اور پینکیک"، غزہ میں ایک گھر کے کچن سے اسرائیلیوں کی اشتعال انگیز ویڈیو!
غزہ کے بچے 3 ماہ سے زائد عرصے سے اسرائیل کی جانب سے پٹی پر مسلط کیے گئے خوفناک ...
مشرق وسطی -
اسرائیلی یرغمالیوں کو غزہ میں قید کے دوران 100 دن ہونے والے ہیں
سلویا کونیو نے فیملی گروپ کی چیٹ کو دیکھتے ہوئے گہری سانس لی۔ وہ 7 اکتوبر کو یاد ...
مشرق وسطی -
غزہ: اسرائیلی کارروائیوں میں اضافہ، برطانوی ڈاکٹر آخری 'فعال ہسپتال‘ چھوڑنے پر مجبور
صحت کی نگہداشت کرنے والا عملہ ناکافی، صورتحال انتہائی سنگین ہے: ڈاکٹرز
مشرق وسطی