وزارتِ خارجہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ کویت نے اپنے شہریوں سے فوری طور پر لبنان چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔
اسرائیل نے حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ کو بیروت میں جمعے کو ایک طاقتور فضائی حملے میں ہلاک کر دیا۔ اس واقعے سے بیروت میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ کو شدید دھچکا لگا اور وہ حیران و پریشان رہ گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اس نے جمعے کو بیروت کے جنوبی مضافات میں گروپ کے سینٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹر پر حملے میں نصر اللہ کو ہلاک کر دیا۔ وہ کیسے ہلاک ہوئے، اس کی تفصیل بتائے بغیر حزب اللہ نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان سے داغا گیا ایک میزائل ہفتے کی رات مغربی کنارے میں گر کر تباہ ہو گیا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔
اسرائیلی ایمبولینس سروس کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
قبل ازیں اسرائیلی الرٹ ایپس کے مطابق یروشلم اور مقبوضہ مغربی کنارے کے مضافات میں ہوائی حملے کے سائرن بجائے گئے جس کے بارے میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ "لبنان سے اسرائیلی سرزمین پر میزائل حملہ" ان کا محرک تھا۔