العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض میں آج بروز اتوار کی شام وزارتی اجلاس منعقد ہو گا۔ اس اجلاس میں شام میں انسانی امداد پر گفتگو ہو گی اور ساتھ ہی دمشق پر سے بین الاقوامی پابندیاں ہٹانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شام کی نئی انتظامیہ کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے تصدیق کی ہے کہ شام سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں سٹریٹجک تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
شام میں ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے کمانڈر احمد الشرع نے کہا ہے کہ شام کے مستقبل میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے حوالے سے سعودی عرب کے حالیہ بیانات بہت مثبت ہیں۔ انہوں نے العربیہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں اشارہ کیا تھا کہ سعودی عرب کے پاس شام میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سعودی عرب نے شام کے لیے جو کچھ کیا ہے اس پر فخر ہے اور سعودی عرب کا شام کے مستقبل میں اہم کردار ہے۔