لبنانی فوج کے سابق کمانڈر جوزف عون کے ملک کا صدر منتخب ہونے کے تقریباً دو ماہ بعد لبنانی حکومت نے جمعرات کو روڈولف ہیکل کی بطور آرمی کمانڈر تقرری کا اعلان کر دیا ہے۔ پردے کے پیچھے تقریباً دو ماہ تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد اس اہم سیکورٹی پوزیشن کو پُر کیا گیا ہے۔ پہلے سے قائم اصولوں کے مطابق مارونائٹ فرقے سے تعلق رکھنے والے فوجی رہنما نے اس عہدے کو سنھبالا ہے۔
روڈولف ہیکل کون ہے؟
روڈولف ہیکل کا تعلق ملک کے جنوب میں ضلع صیدا کے گاؤں عقتنیت سے ہے۔ وہ لبنانی فوج میں ڈائریکٹر آپریشنز کے عہدے پر فائز تھے۔ وہ عسکری ادارے کے اندر بھی کئی عہدوں پر فائز رہے اور مختلف ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس کی وجہ سے انہیں عسکری اور سلامتی کے امور کا وسیع تجربہ حاصل ہوا۔ ان کا نام 2023 سے نمایاں ہے جب انہوں نے جنوبی لبنان میں یونیفل فورسز کا دورہ کیا تھا۔
پیچیدہ چیلنجز
یاد رہے لبنان میں سیاسی، سکیورٹی اور حالات زندگی کی روشنی میں آرمی کمانڈر کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ لبنانی فریق اور اسرائیل کے درمیان 27 نومبر کو طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔ معاہدے میں جنوب سے تمام ہتھیاروں کا انخلا اور کسی بھی مقام پر حزب اللہ یا کسی دوسرے گروپ کے مراکز کے خاتمے کی شرط رکھی گئی تھی۔ وہ مشکل معاشی حالات کی روشنی میں عسکری ادارے کے استحکام کو برقرار رکھنے کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔ خاص طور پر ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کے بعد جس نے فوجی اہلکاروں اور افسران کی پنشن کو بہت بلند کردیا ہے۔
انہیں ملک میں جاری کشیدگی کے درمیان اندرونی سلامتی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ لبنان اور شام کی سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔