مسجد نبوی میں اعتکاف کرنے والوں کو 12 اہم خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اعتکاف کرنے والوں کا تعلق 120 ممالک سے ہے اور یہ 48 مخصوص مقماات پر اعتکاف کے لیے موجود ہیں۔ یہ بات سعودی خبر رساں ایجنسی 'ایس پی اے' نے رپورٹ کی ہے۔
اعتکاف کرنے والوں کے لیے کھانے پینے کی سہولت کے ساتھ ساتھ کئی زبانوں میں ترجمہ کی سہولت دستیاب ہے۔ نیز اعتکاف کے بارے میں آگاہی سے متعلق سکرینیں، سامان رکھنے کے لیے لاکر کی سہولت، ابتدائی طبی امداد کے مراکز اور کپڑے دھونے کی سہولت بھی انہیں میسر ہیں۔ جبکہ موبائل فون کی چارجنگ کے لیے سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اعتکاف کے لیے مختص مقامات سے باہر جانے کے لیے کلائی پر باندھنے والی خصوصی پٹی بھی موجود ہے۔
حرمین شریفین اتھارٹی کی طرف سے معتکفین کو کہا گیا ہے کہ دوران اعتکاف نمازوں اور تراویح کے اوقات میں خلل ڈالنے سے گریز کریں ۔ مسجد نبوی میں سکون برقرار رکھیں۔ آرام دہ ، پرسکون اور صاف ستھرا لباس پہنیں۔ کسی بھی ایسے رویے سے اجتناب کریں جو کسی دوسرے کے لیے تکلیف کا باعث بنے۔
نیز معتکفین اپنے سامان کی حفاظت کے لیے لاکرز کا استعمال کریں۔ اعتکاف کے لیے مختص مقامات پر رجسٹریشن کے مطابق اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ صحت و صفائی کا خاص اہتمام کریں اور اپنی جگہ سے باہر نکلنے کے لیے ہدایات پر عمل کریں۔
حرمین شریفین اتھارٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اعتکاف کی جگہ پر کھانا پینا، ڈسکشنز کرنا اور بچوں کو لانا منع ہے۔