متحدہ عرب امارات نے لبنان کے لیے اپنے شہریوں پر عائد سفری پابندی ختم کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

صدرِ لبنان جوزف عون کے حالیہ دورۂ ابوظبی کے بعد متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر لبنان کے سفر پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ صدرِ مملکت الشیخ محمد بن زاید کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس پر 7 مئی سے عمل درآمد شروع ہو گا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بناناہے۔

"تواجُدی" سروس میں اندراج لازمی قرار

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ لبنان جانے والے اماراتی شہریوں کے لیے "تواجُدی" نامی سروس میں اندراج لازمی ہو گا، چاہے وہ براہِ راست امارات سے روانہ ہوں یا کسی تیسرے ملک سےبیروت کا سفر کریں۔

انہوں نے مزید یہ کہ واپسی پر بھی مسافروں کو اسی سروس کے ذریعے اپنی آمد کی اطلاع دینا ہو گی۔

رجسٹریشن کے بغیر سفر ممنوع

وزارت خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ جو شہری روانگی سے پہلے "تواجُدی" میں اندراج نہیں کریں گے،ان کے سفر پر پابندی عائد ہو سکتی ہے اور وہ قانونی کارروائی کی زد میں بھی آ سکتے ہیں۔

بیان میں مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام مطلوبہ معلومات فراہم کریں، لبنان میں قیام کے مقام کی وضاحت کریں، کسی بھی تبدیلی کی صورت میں معلومات کو اپڈیٹ کریں، ایمرجنسی رابطہ نمبرز اور دورے کی وجوہات درج کریں۔

تعلقات میں نئی پیش رفت

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب صدرِ لبنان نے حالیہ دنوں امارات کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ انہوں نے صدر محمد بن زاید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سفر کی پابندی ختم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے درکار اقدامات پر اتفاق کیا۔

یاد رہے، متحدہ عرب امارات نے 2019 میں اپنے شہریوں پر لبنان کے سفر پر پابندی عائد کی تھی جسے بعد میں مزید سختی کے ساتھ نافذ کیا گیا تھا.

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں