الشرع اور ٹرمپ کی ملاقات میں انسداد دہشت گردی پر بات چیت ہوئی : شامی وزارت خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام کے صدر احمد الشرع کے درمیان بدھ کے روز ریاض میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد شامی وزارت خارجہ نے "ایکس" پلیٹ فارم پر جاری ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر بات چیت ہوئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر الشرع اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں غیر ملکی ملیشیاؤں کے خاتمے، داعش اور دیگر تنظیموں کے خلاف کارروائی کے امور بھی زیرِ غور آئے۔

اسی سلسلے میں شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے ملاقات کو "شامی قوم کی کامیابی" قرار دیا۔ انھوں نے "ایکس" پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ""ہم اس کامیابی میں اپنی اس قوم کو شریک کرتے ہیں جس نے شام کو اس کے شایانِ شان مقام دلانے کے لیے قربانیاں دیں۔ اب عظیم شام کی طرف پیش قدمی کا آغاز ہو چکا ہے، والحمد للہ رب العالمین۔"

اس سے قبل امریکی صدر نے ریاض میں شامی ہم منصب احمد الشرع سے ملاقات کی۔ سعودی خبر رساں ایجنسی "ایس پی اے" کی جانب سے اس ملاقات کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ یہ ملاقات خلیجی-امریکی سربراہی اجلاس سے قبل منعقد ہوئی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اس ملاقات میں ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کی۔

تعلقات کی بحالی

ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے خلیجی سربراہی اجلاس سے خطاب میں زور دے کر کہا کہ "شام سے تعلقات کی بحالی کا آغاز الشرع سے ملاقات سے ہوتا ہے"۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ نئی شامی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر غور کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ شام پر سے پابندیاں اٹھانے کا مقصد اسے ایک نیا آغاز فراہم کرنا ہے۔

یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ امریکی صدر نے کل ریاض میں منعقدہ سعودی-امریکی کاروباری فورم میں اعلان کیا تھا کہ سعودی ولی عہد کی درخواست پر شام پر عائد تمام پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں.

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں