اقوام متحدہ میں شام کے نائب سفیر ریاض خدور نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ شام کے صدر احمد الشرع، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ریاض میں ہونے والی تاریخی ملاقات نے شام کی تعمیر نو کی بنیاد رکھ دی ہے۔
ریاض خدور نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے فیصلے کو "بہادرانہ اور مثبت قدم" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے شام میں بحالی اور تعمیر نو کا عمل تیز ہوگا اور ملک کے اندرونی حالات میں واضح بہتری آئے گی۔
نائب سفیر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ شام نفرت انگیز بیانیے اور ملک کی تقسیم کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا شام ایک پرامن اور شراکت دار ریاست بنے گی جو اختلافات اور تصادم کے میدان سے دور ہوگی۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ تاکہ وہ شامی سرزمین سے اپنی فوجیں واپس بلائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلسل شام کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔