اسرائیل ایران کا تنہا مقابلہ نہیں کر سکتا، آرمی چیف کی نیتن یاھو کو دوٹوک رپورٹ

تل ابیب کو امریکہ کی مکمل شراکت کے بغیر کسی بھی فوجی کارروائی سے گریز کا مشورہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

اسرائیلی نجی ٹی وی "چینل 13" نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو آگاہ کر دیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ براہِ راست جنگ چھڑ گئی تو اسرائیل اس کا تنہا سامنا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

چینل نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ زامیر نے گذشتہ چند دنوں کے دوران وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی اہم مشاورت میں اپنا دوٹوک مؤقف پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل کسی بھی ممکنہ فوجی اقدام میں اکیلا آگے نہیں بڑھ سکتا، اور اس کے لیے امریکہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مکمل مشاورت اور اتفاق ضروری ہوگا۔

اسی نشست میں شریک ایک اہم ذریعے نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ تومر بار بھی فوجی سربراہ کے اس مؤقف سے متفق ہیں۔

"چینل 13" کے مطابق اسرائیلی اعلیٰ عسکری قیادت میں اس معاملے پر شدید اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا اسرائیل کسی بڑی فوجی کارروائی میں تنہا کود سکتا ہے یا اسے امریکہ کی مکمل شمولیت درکار ہوگی، اور اس شراکت کا دائرہ کار کس حد تک وسیع ہونا چاہیے۔

خطے میں حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جب کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری پروگرام پر مذاکرات تعطل کا شکار ہو چکے ہیں، جس سے فوجی آپشن کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔

جمعرات کے روز اسرائیلی وزیرِ ورثہ عمیحائی ایلیاہو نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اگر تل ابیب نے ایران پر حملہ کیا تو وہ غیر متوقع اور اچانک ہو گا۔ یہ بات انہوں نے ایک امریکی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی، جس میں اسرائیلی حملے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

اس کے برعکس، ایرانی میڈیا نے ایک سکیورٹی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگر ایران پر کسی بھی جانب سے حملہ ہوا تو تہران کی جانب سے "تیز اور غیر متوقع ردعمل" دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ، اسرائیل اور کئی دیگر ممالک ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کا الزام عائد کرتے ہیں، تاہم ایران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن مقاصد، خاص طور پر بجلی پیدا کرنے، کے لیے ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں