اسرائیلی فضائیہ کی شدید بم باری نے کل یمن کے دار الحکومت صنعاء کو لرزا کر رکھ دیا۔ کارروائی کے بعد ایک اسرائیلی سیکیورٹی ذریعے نے خبردار کیا ہے کہ اگر حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کی سمت میزائل داغے جانے کا سلسلہ جاری رہا تو جوابی حملے مزید وسیع اور شدید ہوں گے۔
اس ذریعے نے العربیہ/الحدث کو بتایا کہ "جب تک حوثیوں کے میزائل حملے جاری رہیں گے، ان پر فضائی بم باری بھی جاری رہے گی۔"
اسرائیلی ذریعے نے مزید کہا کہ حوثیوں پر فضائی اور بحری محاصرہ برقرار ہے تاکہ ان کا گھیرا مزید تنگ کیا جا سکے۔ ساتھ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں نے حوثیوں کو بھاری اقتصادی نقصان پہنچایا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے جون میں ہی حوثیوں پر "بحری اور فضائی محاصرہ" مسلط کرنے کی دھمکی دی تھی۔
ذرائع نے اس امکان کی بھی نشان دہی کی کہ اسرائیلی بحریہ کارروائیوں میں شامل ہو سکتی ہے، اور یمن میں حوثیوں کے خلاف مزید وسیع اور گہرے حملے کیے جا سکتے ہیں۔
اتوار کے روز ہونے والی بم باری کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے صنعاء پر 35 تباہ کن بم برسائے، جن میں 10 سے زائد لڑاکا طیارے شریک تھے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حوثیوں کے "فوجی" مراکز کو نشانہ بنایا ہے، جن میں صدارتی محل کے قریب مقامات، توانائی کے مراکز اور ایندھن کے ذخائر شامل ہیں۔ یہ حملے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل پر زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل اور ڈرون طیارے بھیجے جانے کے جواب میں کیے گئے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی خبردار کیا کہ حوثیوں کو ان کارروائیوں کی بھاری قیمت چکانی ہو گی۔
دوسری طرف حوثی جماعت نے اعلان کیا ہے کہ وہ یمن کی خود مختاری کے دفاع اور دار الحکومت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل جولائی 2024 سے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر درجنوں حملے کر چکا ہے۔ ان کارروائیوں میں اس وقت اضافہ دیکھنے میں آیا جب حوثیوں نے بحیرہ احمر میں اپنی کارروائیاں تیز کر دیں اور اسرائیل سے منسلک سمجھے جانے والے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں امریکا اور برطانیہ نے بھی بحری راستوں کے تحفظ کے لیے حوثیوں پر کئی فضائی حملے کیے تھے۔ بعد ازاں مئی 2025 میں عمان کی ثالثی سے امریکا اور حوثیوں کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا، جس کے بعد امریکی حملے بند ہو گئے جو کئی ہفتوں تک جاری رہے تھے۔
-
حوثیوں تک پہنچنے سے پہلے کوکین کی بڑی کھیپ ضبط کرلی گئی: یمن
منشیات برازیل کی بندرگاہ سے عدن پہنچی تھی اور چینی کے تھیلوں میں چھپائی گئی تھی ...
بين الاقوامى -
گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناقابل قبول ہے: پاکستان
پاکستان نے اسرائیل کے گریٹر اسرائیل منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے غزہ میں فوری ...
بين الاقوامى -
اسرائیل غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے: فن لینڈ
فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے پیر کے روز کہا ہے کہ غزہ کی صورتِ حال ایک انسانی ...
بين الاقوامى