دوحہ سمٹ سے قبل عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں اسرائیلی حملے پر قرارداد زیر بحث آئے گی
قطری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس آج (اتوار) کو دوحہ میں منعقد ہو گا۔ یہ اجلاس پیر کو طے شدہ عرب واسلامی سربراہی اجلاس سے قبل ہو رہا ہے جس کا تعلق دوحہ میں حماس رہنماؤں کے اجلاس پر اسرائیلی حملے کے بعد کی صورتحال سے ہے۔
وزیراعظم کے مشیر اور قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے بتایا ہے کہ سربراہی اجلاس میں اسرائیل کے قطر پر حملے کے حوالے سے قرارداد پر غور کیا جائے گا ،جو وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کی سفارش پر پیش کی جائے گی۔
الانصاری نے مزید کہا کہ اس نازک وقت میں عرب واسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد کئی اہم پہلو اجاگر کرتا ہے ،جو قطر کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں بھرپور عرب و اسلامی یکجہتی کا مظہر ہے۔
الخارجية القطرية: القمة الإسلامية ستعقد يوم الإثنين في #الدوحة لمناقشة مشروع قرار بشأن الهجوم الإسرائيلي على قطر#إسرائيل #أخبار_الصباح #قناة_العربية pic.twitter.com/RGjCVOoGt2
— العربية (@AlArabiya) September 14, 2025
اسی تناظر میں قطر نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور انسداد دہشت گردی سے متعلق خصوصی نمائندے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے قطر میں رہائشی کمپاونڈز پر حملے کی واضح اور دو ٹوک مذمت کریں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو خوفزدہ کیا گیا اور مکانات تباہ ہوئے۔
جنیوا میں قطری وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اس حملے سے پیدا ہونے والی خلاف ورزیوں کے ضمن میں اسرائیل کو قرار واقعی سزا سے ہرگز بچنے نہیں دینا چاہیئے۔
قطری وفد نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا یت کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو باضابطہ طور پر دستاویزی شکل دے اور اسرائیل کا احتساب کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ ایسی خلاف ورزیاں دوبارہ نہ دہرائی جائیں۔