البانیا کے دار الحکومت تیرانا کے "کانگریس پیلس" میں 16 سے 20 ستمبر تک منعقد ہونے والا سعودی ہفتہ ثقافت جاری ہے جس کی میزبانی البانیہ کی وزارت ثقافت کر رہی ہے۔ اس دوران شہزادہ محمد بن سلمان عالمی مرکز برائے خطاطی کا شعبہ لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ شعبے میں فنی نمائشوں اور عملی ورکشاپوں کے ذریعے سعودی ماہرین کی مہارت کو اجاگر کیا گیا، جس نے زائرین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا اور انھوں نے اس فنی و ثقافتی تجربے سے بھرپور استفادہ کیا۔
فنون اور ورثے کو یکجا کرنے والا جامع پروگرام
ثقافتی ہفتے نے سرگرمیوں کا ایک متنوع پروگرام پیش کیا، جس میں موسیقی اور فنو کے مظاہرے، سعودی لائبریری کے نایاب عربی مخطوطات کی نمائش، مختلف سعودی فلمیں، روایتی لباس جو سعودی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں، عربی خطاطی کی نمائش اور یونیسکو میں درج سعودی عالمی ثقافتی مقامات کا تعارفی مواد شامل تھا۔ اس کے علاوہ نوادرات کی نقول کی نمائش، روایتی سعودی میزبانی بالخصوص سعودی قہوہ، کھانوں کے فنون کے مظاہرے، سعودی عرب اور البانیا کے فن کاروں اور عملی ماہرین کے درمیان مشترکہ ورکشاپوں اور ممتاز ادیبوں اور دانش وروں کی شرکت سے مکالماتی نشستیں بھی شامل تھیں۔ اس ہفتے میں "ہنرمندیوں کا سال 2025" کو خصوصی طور پر نمایاں کیا گیا۔
ہفتہ ثقافت کی سرگرمیاں صرف فنون تک محدود نہیں بلکہ "ہنرمندیوں کا سال 2025" کا منصوبہ بھی نمایاں طور پر شامل رہا، جس کے ذریعے سعودی ہنر کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا گیا تاکہ ان کے بارے میں شعور بڑھایا جا سکے اور انھیں قومی ثقافتی شناخت کا ایک اہم حصہ بنایا جا سکے۔
سعودی ثقافتی اداروں کی وسیع شمولیت
اس ہفتہ ثقافت میں متعدد سعودی ثقافتی اداروں نے شرکت کی، جن میں ورثہ، موسیقی، کتب خانے، ادب و اشاعت و ترجمہ، فلمیں، کھانوں کے فنون، لباس، تھیٹر اور مظاہراتی فنون کی تنظیمیں اور انجمنیں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ شاہی ادارہ برائے روایتی فنون اور شہزادہ محمد بن سلمان عالمی مرکز برائے خطاطی نے بھی شرکت کی۔ یہ سب کچھ سعودی وژن 2030 کی حکمت عملی کے تحت ثقافتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا۔
سعودی ثقافت کی بین الاقوامی موجودگی کا فروغ
البانیا میں سعودی ثقافتی ہفتہ ان سلسلہ وار ثقافتی ہفتوں کا تسلسل ہے جو وزارتِ ثقافت نے مختلف برادر اور دوست ممالک میں سعودی وژن 2030 کے تحت منعقد کیے ہیں۔ اس سرگرمی کا مقصد سعودی ثقافت کی عالمی سطح پر موجودگی کو بڑھانا، مختلف اقوام کے ساتھ ثقافتی تبادلے کے دائرے کو وسعت دینا اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ ثقافتی روابط مستحکم کرنا ہے۔