لبنان نے کہا کہ پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ نومبر میں ہونے والی اسرائیل-حزب اللہ جنگ بندی اور گروپ کو غیر مسلح کرنے کے لیے دباؤ کے باوجود اسرائیل کی طرف سے یہ تازہ ترین حملے ہیں۔
لبنان کی وزارتِ صحت نے کہا کہ مشرقی وادی بقاع کے علاقے میں "اسرائیلی دشمن کے حملے میں" ایک شخص ہلاک ہوا۔
وزارت نے کہا کہ جنوبی لبنان میں نبطیۃ الفوقا میں ایک پانی کے ٹینکر پر اسرائیلی دشمن کے ایک الگ حملے میں بھی ایک شخص ہلاک اور عیترون میں ایک حملے میں دوسرا زخمی ہوا۔
شدید امریکی دباؤ اور اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں کے خوف کے تحت لبنان حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور فوج نے ملک کے جنوب سے اس پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔
لیکن ہفتے کے روز حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ گروپ غیر مسلح نہیں ہو گا۔ وہ اپنے پیشرو حسن نصر اللہ کی اسرائیل کے ہاتھوں ہلاکت کو ایک سال مکمل ہو جانے پر اپنے حامیوں سے خطاب کر رہے تھے۔
اس سے اگلے دن اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے جنوبی لبنان میں گروپ سے تعلق رکھنے والے ہتھیاروں کے ڈپو کو نشانہ بنایا۔