امریکی صدر کی مذاکرات کی دعوت ان کے رویّے سے متضاد ہے ... ایران کا ٹرمپ کو جواب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ معاہدے پر آمادگی کے اعلان کے ایک دن بعد، ایران کی وزارتِ خارجہ نے ٹرمپ کی مذاکرات کی دعوت کو مسترد کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سخت ردِ عمل میں تہران نے واشنگٹن پر "دشمنانہ اور مجرمانہ رویّہ" اپنانے کا الزام عائد کیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے منگل کے روز اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ کا وہ بیان جو انھوں نے اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) میں دیا، "بے بنیاد اور غیر ذمے دارانہ" ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "امریکہ اسرائیلی حکومت کا سب سے بڑا حامی ہے جو نسل کُشی کے جرائم سے لتھڑی ہوئی ہے ... اسے (امریکہ) کسی پر اخلاقی الزام لگانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔"

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران ایران سے اپنی خارجہ پالیسی میں بنیادی تبدیلی لانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ "خطے کے لیے اس سے بہتر کچھ نہیں ہو سکتا کہ ایران دہشت گردوں کی حمایت چھوڑ دے، اپنے پڑوسیوں کو دھمکانا بند کرے، اپنے مسلح ایجنٹوں کی مالی مدد ختم کرے اور آخرکار اسرائیل کے وجود کے حق کو تسلیم کرے۔"

انھوں نے ایران کی جانب مخاطب ہو کر کہا "ہم دوستی اور تعاون کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں۔"

صدر ٹرمپ کی کنیسٹ سے خطاب سے - 13 اکتوبر 2025 - اے ایف پی
صدر ٹرمپ کی کنیسٹ سے خطاب سے - 13 اکتوبر 2025 - اے ایف پی

بعد ازاں مصر کے دورے کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران مذاکرات کے لیے تیار ہو تو وہ اس پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ "بالآخر ایران کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا جائے گا کیونکہ ایرانی قیادت خود بھی یہ چاہتی ہے۔"

ٹرمپ نے مزید کہا کہ "امریکہ اور اسرائیل، ایرانی عوام کے دشمن نہیں ہیں۔ ہم صرف امن کے ساتھ جینا چاہتے ہیں۔"

یاد رہے کہ امریکہ نے گزشتہ جون میں اسرائیل کے ساتھ مل کر ایرانی جوہری تنصیبات پر بم باری کی تھی جس کے سبب تہران کے ساتھ پانچ مرحلوں پر مشتمل بالواسطہ مذاکرات اس وقت تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔

مغربی ممالک کا الزام ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایرانی حکام اس کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ تہران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُر امن اور شہری مقاصد کے لیے ہے

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں