یادداشت اور توجہ کے لیے 7 قدرتی اور صحت بخش مشروبات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی صحت برقرار رکھنے میں غذائیت اہم کردار ادا کرتی ہے، خاص طور پر جب غذا میں ایسے مشروبات اور اجزا شامل ہوں، جو اعصابی خلیات کی حفاظت کریں اور توجہ و یادداشت کو سہارا دیں۔اگرچہ کوئی ایک مشروب اکیلا ذہنی کمزوری کو نہیں روک سکتا، تاہم طبی ویب سائٹ Verywell Health کی رپورٹ کے مطابق بعض مشروبات کو متوازن غذا کے ساتھ باقاعدگی سے استعمال کرنا دماغی صحت کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔

سبز چائے

سبز چائے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے، خاص طور پر کیٹیچنز جو اعصابی خلیات کو نقصان پہنچانے والے آکسیڈیٹو اسٹریس کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس میں موجود امینو ایسڈ ایل-تھیانین ذہنی سکون اور توجہ بڑھاتا ہے، خاص طور پر جب اسے مناسب مقدار میں کیفین کے ساتھ لیا جائے۔

کافی

کافی اینٹی آکسیڈنٹس کا اہم ذریعہ ہے اور اس میں موجود کیفین قلیل مدت میں توجہ اور ذہنی ردِعمل کو بہتر بناتی ہے۔ بعض تحقیقی مطالعات کے مطابق معتدل مقدار میں کافی پینے سے عمر کے ساتھ آنے والی ذہنی کمزوری کا خطرہ کم ہو سکتا ہے اور الزائمر و پارکنسن جیسی بیماریوں کے امکانات بھی گھٹ سکتے ہیں۔

بلیوبیری کے مشروبات

بلیوبیری میں موجود فلیوونوئڈز دماغی خلیات کو سوزش اور نقصان سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ بلیوبیری کا باقاعدہ استعمال یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت کو بہتر بنا سکتا ہے۔ اس کا جوس یا اسموودی روزمرہ غذا میں آسانی سے شامل کیا جا سکتا ہے۔

چقندر کا رس

چقندر میں قدرتی نائٹریٹس پائے جاتے ہیں ،جو دماغ تک خون کے بہاؤ کو بہتر بناتے ہیں۔ بہتر خون کی روانی دماغی افعال کو سہارا دے سکتی ہے، خاص طور پر عمر رسیدہ افراد میں، اگرچہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ہلدی والا گولڈن ملک

ہلدی میں موجود جزو کرکیومن سوزش اور آکسیڈیشن کے خلاف مؤثر سمجھا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دماغ کو عمر سے جڑی تبدیلیوں سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے، خاص طور پر جب اسے کالی مرچ کے ساتھ استعمال کیا جائے جو اس کے جذب کو بہتر بناتی ہے۔

انار کا رس

انار کے رس میں طاقتور پولی فینولز ہوتے ہیں جو دماغ میں سوزش اور آکسیڈیٹو دباؤ کو کم کر سکتے ہیں۔ اگرچہ زیادہ تر مطالعات جانوروں پر کی گئی ہیں، پھر بھی یہ رس یادداشت اور دماغی خون کی روانی میں بہتری کا امکان ظاہر کرتا ہے۔

اومیگا 3 سے بھرپور مشروبات

اومیگا 3 فیٹی ایسڈز خصوصاً DHA دماغی خلیات کی ساخت کا اہم حصہ ہیں۔ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ یہ سیکھنے اور یادداشت کو سہارا دیتے ہیں اور عمر کے ساتھ دماغی تبدیلیوں سے تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ یہ بعض فورٹیفائیڈ مشروبات جیسے پودوں کے دودھ یا مدعّم جوسز میں دستیاب ہوتے ہیں۔

پانی… ایک نظرانداز کیا جانے والا بنیادی جزان تمام مشروبات کے ساتھ ساتھ پانی دماغی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے، کیونکہ دماغ کا تقریباً 80 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ مطالعات کے مطابق معمولی سی پانی کی کمی بھی توجہ، مزاج اور یادداشت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، اس لیے روزانہ مناسب مقدار میں پانی پینا بے حد اہم ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں