سعودی سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے ماحولیاتی تحفظ پروگرام کی نقاب کشائی
تعلیمی اور عوامی خدمت کا پروگرام نوجوانوں میں احساسِ ذمہ داری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے
ریاض: سعودی عریبین سکاؤٹس ایسوسی ایشن (ساسا) نے بنبن، ریاض کے شمال میں شاہ سلمان وائلڈ لائف پارک میں ماحولیاتی تحفظ کے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا ہے جو تحفظ اور پائیداری کی کوششوں میں نوجوانوں کی شمولیت کے نئے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے حال ہی میں اطلاع دی کہ ساسا کے اقدام جس کی نقاب کشائی مختلف سکاؤٹنگ شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی موجودگی میں کی گئی، نے سرکاری ایجنسیوں اور نجی شعبے کی تنظیموں کے شراکت داروں کو مجتمع کیا۔
سیکریٹری جنرل ساسا عبدالرحمٰن المدارس نے کہا، یہ اقدام قدرتی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے قومی حکمتِ عملی کی حمایت میں سکاؤٹس کے فعال کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا، ماحولیاتی سکاؤٹنگ عوامی خدمت کی ایک سرگرمی اور تعلیمی نکتۂ نظر ہے جو ماحولیاتی بیداری پیدا کرنے اور نوجوانوں میں ذمہ دارانہ رویے کی حوصلہ افزائی کے لیے وضع کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کی اطلاع کے مطابق افتتاحی تقریب میں پودوں کی نشوونما اور حیاتیاتی تنوع بڑھانے کے لیے پورے پارک میں بیجوں کی کاشت اور پودے لگانا شامل تھا۔
ساسا سکاؤٹ موومنٹ کی عالمی تنظیم کا رکن ہے اور وزارتِ تعلیم کے ماتحت کام کرتا ہے۔ یہ 1961 میں قائم کیا گیا۔
کئی عشروں کے دوران سعودی سکاؤٹس نے کمیونٹی سروس، قدرتی آفات میں امداد اور مختلف تقاریب کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس میں حج اور عمرہ کے دوران عازمین کی خدمات میں معاونت شامل ہے۔